آج کی تاریخ

سندھ کے ماری غازیج میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی کامیاب دریافت

کراچی: سندھ کے علاقے ماری غازیج میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں، جس سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ماری انرجیز لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط کے ذریعے اس دریافت سے آگاہ کیا۔ کمپنی کے مطابق، غازیج سی ایف بی ون کنوئیں میں 12 ستمبر کو کھدائی کا عمل شروع کیا گیا تھا، جو کامیابی کے ساتھ 1,195 میٹر کی گہرائی تک مکمل ہوا۔
کھدائی کے بعد حاصل کردہ نتائج کے مطابق، کنوئیں سے یومیہ 305 بیرل خام تیل اور 3 ملین مکعب فٹ گیس کے نئے ذخائر سامنے آئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، کنوئیں کا ویل ہیڈ فلو پریشر 225 پاؤنڈ فی مربع انچ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو مضبوط ذخائر کی نشاندہی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، غازیج سی ایف بی ون کنواں ماری انرجیز لمیٹڈ کی مکمل ملکیت ہے، جو اس دریافت کے بعد مزید ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ دریافت ملک میں توانائی کے بحران میں کمی اور مقامی پیداوار میں اضافے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں