آج کی تاریخ

بلاول بھٹو : پہلے وہ لبنان پھر یمن اور اب ایران آگئے، اگر ہم نہ بولے تو وہ ہم پر آئیں گے تو کوئی بولنے والا نہیں ہوگا

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی اور اسے ایران کی خودمختاری پر سنگین حملہ قرار دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسرائیل نے جھوٹ پر مبنی الزامات کی بنیاد پر ایران کی نیوکلیئر سائٹس کو نشانہ بنایا، ایرانی فوجی قیادت اور سائنسدانوں کو ان کے گھروں میں نشانہ بنایا گیا، جو کہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے خطرناک قدم ایران کی ایٹمی تنصیبات پر کیا گیا حملہ ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز امریکا نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا، اگر ان حملوں کے نتیجے میں تابکاری پھیل جاتی تو اس کے مضر اثرات پورے خطے، بالخصوص پاکستان پر مرتب ہوتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی عوام کی بڑی تعداد خود بھی اس جنگ کی حمایت نہیں کرتی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہی الزامات پہلے عراق پر لگائے گئے تھے کہ وہاں بڑے پیمانے کی تباہی کے ہتھیار موجود ہیں، پھر لبنان اور یمن کو نشانہ بنایا گیا، اور اب ایران کو۔ اگر آج ہم خاموش رہے تو کل کو جب پاکستان نشانے پر ہوگا تو ہمارے حق میں کوئی آواز بلند نہیں کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی حکومت کے جارحانہ عزائم کو فوری طور پر روکا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں