آج کی تاریخ

اوورسیز انویسٹرز چیمبر کا 5 ہزار روپے کے نوٹ ختم کرنے کا مطالبہ

غیرملکی سرمایہ کاروں کی نمائندہ تنظیم اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں 5 ہزار روپے مالیت کا کرنسی نوٹ بند کیا جائے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف نقد لین دین کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی بھی ممکن ہو گی، ساتھ ہی کرپشن میں کمی آئے گی۔
چیمبر کی بجٹ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ اشیاء کی فروخت پر عائد سیلز ٹیکس کو ہر سال ایک فیصد کم کر کے 15 فیصد تک لایا جائے، جبکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو 14 فیصد تک بڑھایا جائے۔
علاوہ ازیں، انہوں نے تجویز دی کہ کارپوریٹ ٹیکس کی شرح کو موجودہ 28 فیصد سے بتدریج کم کرتے ہوئے 25 فیصد پر لایا جائے اور 6 فیصد سپر ٹیکس کو تین سال میں مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ تجویز کے مطابق، سپر ٹیکس کو اگلے سال 6 فیصد سے کم کر کے تین فیصد، اور پھر تیسرے سال مکمل طور پر ختم کر دینا چاہیے۔
بونس شیئرز پر عائد ٹیکس کے خاتمے، فاٹا اور پاٹا کو دی گئی ٹیکس چھوٹ کو اگلے تین سالوں میں ختم کرنے اور ٹیکس ری فنڈ لینے والوں کی فہرست عوامی کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
چیمبر نے یہ بھی کہا کہ انڈر انوائسنگ کے خلاف اقدامات کے لیے درآمدی ڈیٹا کو عام کیا جائے اور ٹیکس ریٹرن فائلنگ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کرتے ہوئے دیگر سرکاری اداروں سے مربوط کیا جائے۔
مزید یہ کہ کم از کم قابل ٹیکس آمدن کی حد 12 لاکھ روپے مقرر کی جائے جبکہ 6 لاکھ روپے تک کی سالانہ آمدن پر صرف 1000 روپے کا ٹوکن ٹیکس لاگو کیا جائے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں