امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے یوکرین میں موجود کچھ میزائل اور ڈرون دفاعی سسٹمز کو مشرق وسطیٰ منتقل کر دیا ہے تاکہ ایران اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی کے دوران خطے میں امریکی افواج اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ان سے بار بار اس اقدام کے بارے میں سوال کیا جا رہا تھا، جس پر انہوں نے واضح طور پر جواب دیا: ’’جی ہاں، ہم نے یوکرین سے کچھ دفاعی نظام مشرق وسطیٰ بھیجے ہیں۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں اور فوجی اہلکاروں کی سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر امریکہ نے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
