آج کی تاریخ

اسرائیل اپنی کارروائیوں کے لیے امریکا سے اجازت نہیں لیتا، صرف اطلاع دیتا ہے: نیتن یاہو

تل ابیب میں کابینہ اجلاس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں اسرائیل خودمختاری کے تحت انجام دے رہا ہے اور ان کے لیے امریکا سے اجازت نہیں لی جاتی بلکہ صرف اطلاع دی جاتی ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں اب بھی حماس کے چند ٹھکانے باقی ہیں، جنہیں مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رفح اور خان یونس میں حماس کے مراکز کو جلد تباہ کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج پر کسی بھی قسم کے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور جوابی کارروائی میں حملہ آوروں کے ساتھ ان کی تنظیموں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے گا۔
نیتن یاہو نے واضح کیا کہ وہ خود اسرائیل کی سیکیورٹی پالیسی کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں اور اس ذمہ داری سے پیچھے ہٹنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
دوسری جانب حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کو جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کرانے میں ناکام رہا ہے اور غزہ میں جاری جارحیت روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کر رہا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں