اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ عامر خان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت اور علاقائی امن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران 19 اپریل کو ہونے والے دورۂ افغانستان کے بعد تجارتی، معاشی، سیاسی، اور عوامی روابط کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ مشاورتی عمل کو فعال رکھنے اور اعلیٰ سطحی روابط کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے بھارتی اشتعال انگیزیوں اور یکطرفہ اقدامات پر افغانستان کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا، اور پاکستان کی خودمختاری کے دفاع اور امن کے فروغ کے عزم کو دہرایا۔
عامر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے تجارت اور سفری سہولتوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی، اور اسحاق ڈار کو افغانستان کے ایک اور دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
