ملتان (جنرل رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان میں عالمی یومِ معیار 2026ء کے موقع پر پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے زیر اہتمام آگاہی سیشن منعقد کیا گیا اور اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں مصنوعات کے معیار، سرٹیفیکیشن، صارفین کے تحفظ، صنعتی مسابقت اور صاف و سستی توانائی کے فروغ میں قومی و بین الاقوامی معیارات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔عالمی یومِ معیار ہر سال 14 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ اس سال کا موضوع ”بہتر دنیا کے لیے مشترکہ وژن“ ہے، جس میں صاف اور سستی توانائی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس کا مقصد پائیدار ترقی، توانائی کی بچت، جدت اور قابلِ اعتماد توانائی تک رسائی کے فروغ میں معیارات کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نائب صدر شیخ عبدالوہاب نے کہا کہ مصنوعات کا معیار یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مستند سرٹیفیکیشن اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوان تجارت و صنعت ملتان معیار کے فروغ اور صنعتی شعبے میں آگاہی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔صدر ایوان تجارت و صنعت خانیوال آصف مجید نے کہا کہ مصنوعات کے معیار کی جانچ اور تصدیق کا مؤثر نظام قومی سطح پر ہونا چاہیے تاکہ ملک میں تیار ہونے والی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہو۔اس موقع پر پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر، کنفارمیٹی اسیسمنٹ ملتان زون، انجینئر عاقب الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعات کے معیار، حفاظت، قابلِ اعتماد ہونے اور صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے میں معیارات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ کاروباری برادری کو چاہیے کہ وہ مقررہ معیارات کو اپنائے اور اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ادارے کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ معیارات پر عمل درآمد کرنے والے کاروباری اداروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ معیارات کے نفاذ کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنے، متعلقہ اعلیٰ انتظامیہ کو مدعو کرنے اور ایوان تجارت و صنعت ملتان سمیت متعلقہ اداروں کے اشتراک سے آگاہی اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔آگاہی سیشن میں صاف توانائی کے شعبے میں معیارات کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی، بالخصوص سولر پینلز، انورٹرز، بیٹریوں، فوٹو وولٹک آلات اور الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ معیارات پر عمل درآمد سے ان آلات کی حفاظت، کارکردگی اور قابلِ اعتماد استعمال کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ قومی معیارات کے فروغ کے لیے ریگولیٹری اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان قریبی تعاون ضروری ہے۔تقریب میں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے ایگزیکٹو ممبران شیخ عمران ارشد، چوہدری طارق کریم، شہزاد کریم بھٹی، اورنگزیب عالمگیر، سیکرٹری جنرل محمد شفیق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایس کیو سی محمد جاوید،وقار حسین، عمران نصیر، آفتاب احمد، غلام مصطفیٰ، عبدالماجد، محمد احمد، رانا عدنان، جی ایم غفار اور علی حسنین جٹ ایڈووکیٹ سمیت دیگر شرکاء نے شرکت کی۔







