تازہ ترین

شجاع آباد میں معصوم انزہ کا لرزہ خیز قتل، دورجاہلیت کی روایت دہرادی، باپ قاتل نکلا

ملتان، شجاع آباد( خبرنگار)شجاع آباد میں معصوم انزہ کا لرزہ خیز قتل، دورجاہلیت کی روایت دہرادی گئی۔ زینب کیس کی یاد تازہ،جانوربھی اپنے بچوں سے پیارکرتے ہیں
لیکن یہاں محبوبہ کی خاطر تین سالہ بیٹی کوہی قتل کردیا، ننھی بچی کوقتل کیلئے ساتھ لے جانے کی وائرل ویڈیو نے دل دہلا دیے۔تفصیل کے مطابق شجاع آباد میں تین سالہ معصوم انزہ کی نہر سے ملنے والی لاش کے اندوہناک واقعے نے عرب دورکی جہالت کی روایت دہرادی جب سفاک باپ اپنی بچیوں کوزندہ دفن کردیاکرتے تھے۔اس قتل نے آٹھ سال قبل قصور میں ننھی زینب کے قتل کی دردناک یاد بھی تازہ کر دی۔ملزم عمران اسی طرح ننھی زینب کوورغلاکراس کی ننھی منی انگلیاں پکڑے ساتھ لے جارہاتھالیکن ملزم عمران کازینب سے کوئی رشتہ نہ تھاجبکہ یہ سفاک عرفان توننھی انزہ کاسگاباپ تھا۔ جس باپ کو بیٹی کی انگلی پکڑ کر اسے زندگی کی راہوں پر چلانا تھا، اسی نے اپنی ننھی پری کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ بچی کو ساتھ لے جاتے مبینہ طور پر سامنے آنے والی ویڈیو نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے اور ہر آنکھ اشکبار کر دی۔ مقتولہ کی والدہ امرین نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر عرفان نے اپنی مبینہ محبوبہ پروین بی بی کے ساتھ مل کر بچی کو قتل کیا۔ پولیس تھانہ سٹی شجاع آباد نے بچی کے والد عرفان کو گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی ، جبکہ والدہ نے دونوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانہ سٹی شجاع آباد میں ایف آئی آردرج کرادی۔ تین روز قبل تین سالہ انزہ گھر سے لاپتا ہو گئی تھی جس کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد عرفان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایک روز بعد معصوم بچی کی لاش کھاکھی پنجانی نہر سے برآمد ہوئی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ بچی کی والدہ امرین نے اپنے شوہر پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ عرفان نے اپنی مبینہ محبوبہ پروین بی بی کے ساتھ مل کر انزہ کو قتل کیا اور اس جرم کا اعتراف بھی کیا۔ والدہ نے دونوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست تھانہ سٹی پولیس کو دے دی، جس کے بعد پولیس نے بچی کے والد کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی۔واقعے سے متعلق وائرل ہونے والی ویڈیو نے شہریوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ معصوم بچی کو ساتھ لے جاتے منظر نے لوگوں کو قصور میں ننھی زینب کے دلخراش واقعے کی یاد دلا دی، جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا۔ شجاع آباد کے اس سانحے نے بھی والدین کے دل دہلا دیے ہیں اور شہری حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم انزہ کے قتل کے تمام پہلوؤں کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں، مبینہ طور پر ملوث ہر شخص کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شواہد کی روشنی میں سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کیس کی تفتیش سی سی ڈی کے سپرد کی جائے تاکہ معصوم بچی کو انصاف مل سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں