تازہ ترین

ملتان: یتیم بچے کا سفاکانہ قتل، شہریوں میں غم و غصہ، ملزم کی پیشی پر وکلا مشتعل، پھینٹی لگا دی

ملتان (نمائندہ خصوصی) ملتان کے علاقے رائل آرچرڈ میں 15 سالہ یتیم مزدور بچے وسیم عباس کی گاڑی تلے کچل کر ہلاکت کے واقعے پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس نے بلڈر توقیر نذیر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ دوسرے ملزم حیدر زمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم فیصل آباد میں موجود ہے۔ سی پی او ملتان اختر فاروق نے واضح کیا ہے کہ معصوم بچے کے بہیمانہ قتل کے واقعے میں ملوث ملزمان کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور مقدمے میں سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔ شہریوں نے آئی جی پنجاب پولیس راؤ عبدالکریم اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تفتیش کرائی جائے، ملزمان کو سی سی ڈی پولیس کے حوالے کیا جائے اور بلاامتیاز احتساب کرتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ذرائع مطابق رائل آرچرڈ ملتان میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے انسانی ہمدردی، بچوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق 15 سالہ وسیم عباس مبینہ طور پر کام چھوڑ کر جانے کے معاملے پر پیش آنے والے تنازع کے دوران گاڑی تلے کچل کر جاں بحق ہوا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آنے پر پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے توقیر نذیر کو گرفتار کر لیا۔ تاہم شہریوں اور واقعے پر آواز اٹھانے والوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ تفتیش کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے جائیں اور دستیاب ویڈیو شواہد سمیت فرانزک مواد کو مقدمے کا حصہ بنایا جائے تاکہ کسی بھی ملزم کو قانون سے بچ نکلنے کا موقع نہ مل سکے۔مقتول وسیم عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق حادثے میں بچے کی لاش کی حالت اس قدر خراب تھی کہ وہ آخری دیدار بھی نہ کر سکے اور انہیں آخری دیدار کے بغیر ہی اپنے لخت جگر کو سپرد خاک کرنا پڑا۔ وسیم ایک بیوہ ماں کا بڑا بیٹا تھا، جبکہ اس کا آٹھ سالہ چھوٹا بھائی اس کا اکلوتا بھائی ہے۔ اس کے والد 2015 میں انتقال کر گئے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق تقریباً آٹھ سال قبل وسیم کو ملتان کے ایک نجی یتیم خانے میں بھیجا گیا تھا، جہاں وہ رہائش پذیر تھا اور توقیر نذیر کے پاس الیکٹریشن کا کام سیکھ رہا تھا۔ کم عمری میں والد کی شفقت سے محروم ہونے والے اس بچے کی المناک موت نے اہل علاقہ اور شہریوں کو افسردہ کر دیا ہے۔ واقعے میں گرفتار ملزم توقیر نذیر کو عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر بھی صورتحال کشیدہ رہی۔ اطلاعات کے مطابق ملزم کی پیشی کے دوران بعض وکلا مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اورملزم کی پھینٹی لگادی۔ واقعے کے حوالے سے شہریوں میں یہ تشویش بھی پائی جاتی ہے کہ مقدمے کی تفتیش محض رسمی پکارروائی تک محدود نہ رہ جائے اور وقت گزرنے کے ساتھ شواہد اور گواہیوں کو نقصان نہ پہنچے۔ دوسری جانب سی پی او ملتان اختر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائل آرچرڈ واقعے کا پولیس نے سخت نوٹس لیا ہے اور مقدمے میں سخت دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق دوسرے ملزم حیدر زمان کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی فیصل آباد میں موجود ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ سی پی او نے یقین دہانی کرائی کہ معصوم یتیم بچے کی ہلاکت کے واقعے میں ملوث ملزمان کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کاواقعے کا نوٹس، مقدمہ ہائی پروفائل قرار

ملتان (کورٹ رپورٹر)پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ کا ملتان میں یتیم بچے کو ٹھیکیدار کی جانب سے کچلنے کے واقعے کا نوٹس، مقدمہ ہائی پروفائل
قرار، پراسیکیوٹرز کی خصوصی ٹیم تشکیل دے د ی۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے ملتان میں ٹھیکیدار کی جانب سے مزدور کو کچلنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ مقدمے کو ہائی پروفائل قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے مقدمے کی مؤثر پیروی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پراسیکیوٹرز پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ خصوصی ٹیم مقدمے کی مکمل اور مؤثر پیروی کرے اور دورانِ عدالتی کارروائی تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھوس قانونی بنیادوں پر مقدمے کی پیروی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے متعلقہ پراسیکیوشن حکام کو مزید ہدایت کی کہ مقدمے کی پیش رفت پر خصوصی نظر رکھی جائے اور ہر مرحلے پر ضروری قانونی اقدامات بروقت اٹھائے جائیں۔

امیرسوسائٹی میں غریب بچے کی سڑک پرپڑی لاش، انسانیت روپڑی

ملتان( خبرنگار)باپ فوت،مزدوری مجبوری، انتہائی کم اجرت، ٹھیکیدارکاروزانہ بہیمانہ تشدد، گالیاں، دبائو،یتیم خانے میں قیام،ذہنی اذیت، بچپن کی معصومیت،بیگار
کیمپ سے بھاگنےکی کوشش میں لرزہ خیزقتل،امیرسوسائٹی میں غریب بچے کی سڑک پرپڑی لاش،انسانیت روپڑی،ارباب اختیاراشرافیہ کی بے حسی نے ظالم معاشرے کوخونخوارقاتل قراردے دیا۔ملتان کی نجی رہائشی سوسائٹی رائل آرچرڈ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پندرہ سالہ وسیم عباس کی موت نے کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وسیم الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ٹھیکیدار توقیر نذیر کے پاس گیا تھا۔ کام چھوڑ کر جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور گاڑی کی ٹکر سے اسے قتل کردیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچے کو بھاگتے اور گاڑی کو اس کی طرف آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں