ملتان میں ہول سیل آئس ڈیلر گل زمان عرف دانی سرگرم، پرچون میں سپلائی

ملتان (قوم ریسرچ سیل) ملتان میںمبینہ ہول سیل آئس ڈیلر گل زمان عرف دانی سرگرم، پرچون فروشوں کوسپلائی دینے کاانکشاف،پولیس سمیت انسدادمنشیات اداروں
کے اہلکاروں سے مبینہ تعلقات کادعویدار۔ذرائع کے مطابق محلہ غلام آبادکارہائشی نوجوان گل زمان عرف دانی آئس کاہول سیل ڈیلرہے جو قدیمی بی بی پاکدامن قبرستان(پاک مائی قبرستان) مکران کالونی اور محلہ غلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں پرچون منشیات فروشوں کو آئس کی فروخت میں ملوث ہے۔ اسے علاقے میں مبینہ طور پر آئس ڈیلر دانی کے نام سے جانا جاتا ہے، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ سرگرمیاں طویل عرصے سے جاری ہیں، مزید تشویش ناک امر یہ ہے کہ مذکورہ شخص سے منسوب یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ اس کے پولیس،ایکسائز سمیت انسدادِ منشیات کے متعلقہ اداروں کے مختلف اہلکاروں سے تعلقات ہیں اور وہ مبینہ طور پر منشیات کی آمدن میں سے حصہ دیتا ہے۔ عوامی حلقوں نے سی پی او ملتان اختر فاروق سمیت انسدادمنشیات کے اداروں کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنے قابل اعتماد ذرائع سے بھی خفیہ معلومات اکٹھی کی جائیں، غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مبینہ آئس ڈیلر سے تفتیش کے ذریعے منشیات کی سپلائی چین، سہولت کاروں کا سراغ بھی لگایا جائے تاکہ علاقے میں منشیات کے پھیلاؤ کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ اس حوالے سے پولیس ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے بڑی تعداد میں منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور منشیات فروشی میں کمی آئی ہے۔ پولیس حکام کی منشیات کے خلاف کارروائیوں میں زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جبکہ روزنامہ قوم کی خبر / نشاندہی پر بھی فوری کارروائی کی جائے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں