ملتان (سٹی رپورٹر) شیر شاہ سٹیشن یارڈ میں 47 اَپ رحمان بابا ایکسپریس کی 14 بوگیوں کے پٹری سے اترنے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے عامر نثار چوہدری 17 اور 18 اکتوبر 2026ء کو ڈی ایس آفس پاکستان ریلوے ملتان کے کمیٹی روم میں انکوائری کریں گے۔ انکوائری صبح 9 بجے شروع ہوگی۔حادثے سے متعلق معلومات، شہادت یا کوئی اہم تفصیلات رکھنے والے افراد، مسافروں اور عینی شاہدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انکوائری کے دوران مقررہ تاریخوں پر ذاتی طور پر پیش ہو کر اپنی شہادت ریکارڈ کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، خواہش مند افراد اپنی تحریری شہادت یا معلومات 22 اکتوبر 2026ء تک فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلوے کے دفتر، علامہ اقبال روڈ، پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کو ارسال کر سکتے ہیں۔ فون نمبر (99201781-042)انکوائری کے سلسلے میں متعلقہ ریلوے عملے، بشمول ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور، انچارج گارڈ، سیکشن کنٹرولر، ٹریفک انسپکٹر، میکینیکل اسکواڈ، ٹی ایکس آرز اور شیر شاہ اسٹیشن کے عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں، حادثے سے متعلق تمام ریکارڈ، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر شواہد محفوظ کرکے انکوائری کے سامنے پیش کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔







