محفوظ پنجاب ویژن کو دھچکا، پیر کالونی منشیات کا گڑھ، نوجوان نشانہ، کئی خاندان برباد

ملتان( کرائم سیل )تھانہ شاہ شمس کاایریا پیر کالونی منشیات کاگڑھ، آئس ، چرس وشراب کے مزید متعدد اڈوں کا انکشاف،منشیات کی لت میں خاندانوں کے خاندان برباد،ملوث پولیس اہلکاروں کی ” جیبیں نوٹوں سے آباد”وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،آئی جی پنجاب رائوعبدالکریم اورایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی پنجاب سہیل ظفرچٹھہ کے” جرائم سے پاک پنجاب”کے ویژن کودھچکا،ڈرگ مافیاانتہائی بااثر،عوامی حلقوں میں شدید تشویش کی لہردوڑگئی۔باوثوق ذرائع کے مطابق تھانہ شاہ شمس کے علاقے پیر کالونی میں پان شاپس کی آڑ میں بلال، گوگا،تنویرکی منشیات فروشی کی خبر کے بعد مزید متعدد مقامات پر آئس، شراب اور چرس کی فروخت اور سپلائی کے انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ چونگی موڑ، بلوچ چوک اور پیر کالونی نمبر تین کے مختلف مقامات پرشدید منشیات فروشی کا دھندہ جاری ہے، جہاں خصوصا”نوعمر لڑکوں اور نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چونگی موڑ پر ’’چھپا رکشہ والا‘‘ نامی بدنام شخص آئس فروخت کرتا ہے، جبکہ وقاص نامی کیری ڈبہ ڈرائیور آئس اور چرس فروخت کرتا ہے۔ ذرائع کے مطابق وقاص ڈانسر خواتین کو کیری ڈبے میں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے، جبکہ اس کا بھائی بھی منشیات فروشی میں ملوث ہے۔ اسی طرح بابا شفیع ملنگ کا بیٹا پپو سرعام آئس فروخت کرتاہے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ بلوچ چوک کے قریب امجد جھولے والا آئس اور چرس فروخت کرتا ہے، جبکہ حافظ رشید کے بھٹے کے ساتھ والی گلی میں ماموں نامی شخص منشیات کی فروخت میں ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق گوگا پان والے کا بھائی طارق پان والا بھی بلوچ چوک کے نزدیک آئس اور چرس فروخت کرتاہے، جبکہ پیر کالونی نمبر تین میں واجد سگو کے حوالے سے آئس اور غیر ملکی شراب کی فروخت کی اطلاعات ہیں۔ پیر کالونی میں منشیات کے پھیلاؤ سے متعلق مسلسل سامنے آنے والی اطلاعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی اور سی پی او ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیر کالونی میں منشیات فروشی کے مقامات کی خفیہ نگرانی اور قانون کے مطابق تحقیقات کرائی جائیں، منشیات کی خریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف خفیہ معلومات وشواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے اورمنشیات کے اڈوں کاخاتمہ کیاجائے۔اعلی حکام اس حوالے سے اپنے طورپر خفیہ تحقیقات بھی کرا سکتے ہیں۔ سوال یہ بھی ہے کہ کون کون ملوث ہے؟۔منشیات فروشوں کے ساتھ ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔روزنامہ قوم کرائم سیل نے اس حوالے سے موقف کیلئے ترجمان ملتان پولیس کیساتھ رابطے کی کوشش کی لیکن ان کافون اٹینڈ نہ ہوسکا۔
پی آراوملتان پولیس رائوکاشف نے موقف میں کہاہے کہ ملتان پولیس حکام کی منشیات فروشوں کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی ہے۔روزنامہ قوم کی نشاندہی پرایکشن لیاجائے گا۔جس تھانے کی بھی حدودہوگی ۔وہاں بلاامتیازسخت کریک ڈائون کیاجائے گا۔قانون کے مطابق تمام منشیات فروشوں کوگرفتارکرکے کیفرکردارتک تک پہنچایاجائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں