ملتان چیمبر کسی کی جاگیر نہیں، تاجروں کی مشترکہ آواز بنائیں گے: فرینڈز گروپ کا پاور شو

ملتان (جنرل رپورٹر)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلے میں فرینڈز گروپ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے معروف صنعتکار فیصل مختار، چوہدری ذوالفقار انجم، شیخ فضل الٰہی، ڈاکٹر محمد شفیق خان پتافی، میاں عامر نسیم، ندیم احمد شیخ اور شیخ فیصل سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ تمام چھوٹے بڑے تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے جہاں تمام ممبران ایک خاندان کی طرح ہیں ۔ تاجروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی جاتی ہے، انہیں مل کر حل کیا جاتا ہے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت ہماری نہیں بلکہ ہر اس تاجر، صنعتکار اور بزنس مین کی جیت ہوگی جسے کئی سالوں سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ تمام چھوٹے بڑے تاجروں اور صنعتکاروں کو ایک جیسی عزت ملے گی اور میرٹ کے مطابق چیمبر کے نئے ممبران بنائے جائیں گے۔ ملتان کی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور چیمبر کسی کی جاگیر نہیں بلکہ یہ تمام انڈسٹریل، تاجروں اور صنعتکاروں کا مشترکہ ادارہ ہے۔اس لیے چیمبر تک اپنی رسائی کو آسان اور یقینی بنانے کے لیے فرینڈز گروپ آف ملتان کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔ کارپوریٹ کلاس کے امیدواروں میں خواجہ ریاض حسین صدیقی، حسین احمد فضل، محبوب الٰہی، محمد اسلم، شیخ عمران ارشد، محی الدین اورنگزیب عالمگیر، محمد اسلم بھٹہ، ندیم احمد شیخ، محمد بلال احمد شیخ اور خواجہ محمد عمر شامل ہیں، جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدواروں میں اظہر ممتاز ٹیپو، شیخ محمد طاہر، چوہدری طارق کریم، نواب عاطف اشفاق، حماد احمد میاں، حافظ عمیر سعید، مرزا شاہد حسین، عبدالوہاب، خواجہ احمد نبیل، حسن اقبال، حافظ طارق بشیر چوہدری اور محمد شہزاد کریم شامل ہیں۔عشائیے میں سپورٹران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں کاروباری حلقوں کی بھرپور شرکت نے یہ پیغام دیا کہ فرینڈز گروپ کو تاجر برادری کی نمایاں حمایت حاصل ہے، اور شرکاء نے عہد کیا کہ ملتان کی تجارت و صنعت کے فروغ، تاجروں کے مسائل کے حل اور چیمبر کو حقیقی معنوں میں کاروباری برادری کی مؤثر آواز بنانے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقررین نے یہ بھی واضح کیا کہ چیمبر آف کامرس کے انتخابات محض عہدوں کی تقسیم کا معاملہ نہیں بلکہ تاجر برادری کے مستقبل، ملتان کی معاشی ترقی اور صنعتی ترقی کا فیصلہ ہے، اس لیے تمام تاجروں، صنعتکاروں اور بزنس مینوں کو بیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا حقِ رائے دہی ضرور استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فرینڈز گروپ کامیابی کے بعد چیمبر میں شفافیت، میرٹ، مشاورت اور کاروباری دوستی کو فروغ دے گا، ٹیکس، بجلی، گیس اور سرکاری اداروں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر نمائندگی فراہم کرے گا، چھوٹے تاجروں کو بڑے صنعتکاروں کے برابر سہولیات اور پلیٹ فارم مہیا کرے گا اور ملتان کو ایک مضبوط تجارتی و صنعتی مرکز بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں