بہاولپور(سپیشل رپورٹر ) این اے 168 کے جلسے میں خونریز تصادم، مخالف گروپ کی مبینہ فائرنگ سے متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے، پولیس کا کردار سوالیہ نشان بن گیا۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 میں انتخابی گہما گہمی اس وقت خونریز سانحے میں بدل گئی جب باقر پور میں ہونے والے ایک بڑے عوامی جلسے کے دوران فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کا لرزہ خیز واقع پیش آیا۔ مخالف گروپ کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہو گئےجبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس ہولناک واقعے نے سکیورٹی انتظامات اور مقامی پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ المیہ اس وقت پیش آیا جب قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ذمہ داران مبینہ طور پر تماشائی بنے رہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر کی موقع پر موجودگی کے باوجود فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ عوامی حلقوں اور متاثرہ فریق کی جانب سے شدید نوعیت کے یہ الزامات سامنے آئے ہیں کہ ایس ایچ او کی مجرمانہ غفلت اور بروقت کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کی جانب سے پہلے ہی سختی برتی جاتی تو اس قیمتی انسانی جانوں اور امن و امان کے نقصان سے بچا جا سکتا تھا۔واقعے کے مطابق باقر پور میں طارق بشیر چیمہ گروپ کا ایک پُروشوق جلسہ منعقد ہو رہا تھا جس میں عوام کا جم غفیر موجود تھا۔ اچانک مبینہ طورپر مخالف چنڑ گروپ کے مسلح افراد ملک جہانگیر چنڑ اور نامعلوم کی طرف سے جلسے کے شرکا پر دھاوا بول دیا گیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی گئی۔ فائرنگ کی اس گھن گرج سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ اس افراتفری اور سنسنی خیز صورتحال کے دوران بھی طارق بشیر چیمہ نے جلسے سے اپنا خطاب جاری رکھاجس سے کارکنان کا جذبہ تو بلند رہا لیکن فضا شدید کشیدہ ہو گئی۔فائرنگ میں طارق بشیر چیمہ گروپ کے نمایاں حامی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جلسے میں ولی دار چیمہ بھی موقع پر موجود تھے، فائرنگ کی زد میں آ کر ملک اسامہ چنڑ شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے دیگر کئی افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او بہاولپور نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور جلسہ گاہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے فائرنگ کے اس واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔







