فرینڈز گروپ کامیاب ہو کر روایتی خاندانوں کی اجارہ داری ختم کریگا: شیخ فیصل سعید

ملتان (شاہد صدیق)ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ان تاریخی اور اہم ترین انتخابات میں جہاں کاروباری برادری نے ایک بار پھر فرینڈز گروپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ ہمارے لیے نہ صرف اعزاز کی بات ہے بلکہ ایک سنگین ذمہ داری بھی ہے، کیونکہ ہماری یہ پوری جدوجہد کسی خاص فرد، گروپ یا سیاسی مفاد کے خلاف نہیں بلکہ اُس مایوسی اور بے بسی کے خلاف ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ملتان کے تاجروں اور صنعتکاروں کو لاحق ہے ان خیالات کا اظہار رہنما فرینڈز گروپ شیخ فیصل سعید نے روزنامہ “قوم” سے خصوصی نشست میں کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد کاروباری برادری کو درپیش گہرے ساختی اور عملی چیلنجز کا خاتمہ کرنا اور چیمبر کو ایک حقیقی، موثر اور جامع پلیٹ فارم کے طور پر مضبوط بنانا ہے۔ اس سلسلے میں میں چیمبر کو درپیش اہم ترین چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ کہنا چاہوں گا کہ جمہوریت کا فقدان شاید سب سے بڑا زہر ہے جو اس ادارے کی روح میں پیوست ہو چکا ہے، کیونکہ گزشتہ 67 سالوں سے چیمبر کی قیادت چند معدود روایتی اور کارپوریٹ خاندانوں کی اجارہ داری بنی رہی، جہاں تمام اہم فیصلے بند کمروں اور ڈرائنگ رومز میں طے پاتے رہے جس کے نتیجے میں ملتان کی صنعتی اور تجارتی ترقی کو شدید نوعیت کا نقصان اٹھانا پڑا اور یہ شہر اپنی صلاحیتوں کے باوجود معاشی پسماندگی کا شکار رہا، جبکہ نمائندگی کی شدید محدودیت نے چیمبر کو مٹھی بھر افراد تک محدود کر دیا اور چھوٹے، درمیانے اور نئے کاروباری افراد کے جائز مسائل کو یکسر نظرانداز کیا گیا، ان سب سے بڑھ کر شفافیت کا فقدان بھی ایک سنگین اور ناقابلِ نظرانداز مسئلہ رہا ہے کیونکہ ماضی قریب میں چیمبر کے انتخابی نتائج اور مالیاتی فیصلوں کے علاوہ کوئی بھی ڈیٹا یا معلومات عام نہیں کی جاتی تھیں، جس سے عملداری کا پورا نظام غیر شفاف اور غیر جواب دہ رہا اور عام ووٹر اپنے حق رائے دہی کے استعمال میں بھی مکمل طور پر بے اختیار محسوس کرتا رہا۔انہیں تمام چیلنجز کے پیش نظر فرینڈز گروپ ان مسائل کے مستقل اور علمی حل کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور ہم نے عملی طور پر جمہوریت کے فروغ کے لیے پہلی بار چیمبر کی تاریخ میں حقیقی، منصفانہ اور پرامن انتخابی فضا قائم کی ہے، جہاں اب بڑے سرمایہ دار اور صنعت کار بھی مجبور ہیں کہ وہ عام ووٹرز تک براہ راست رسائی حاصل کریں اور انہیں اپنے ایجنڈے سے آگاہ کریں، اور ہم مستقبل قریب میں جامع نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے تاکہ چیمبر واقعتاً تمام تاجروں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان، درآمد کنندگان اور نوجوان کاروباری افراد کا موثر، نمائندہ اور قابلِ اعتماد ادارہ بن سکے جہاں چھوٹے اور بڑے ہر سطح کے کاروبار کے مسائل، خدشات اور تجاویز کو یکساں اہمیت، احترام اور ترجیح دی جائے گی۔ مزید برآں، ہماری کامیابی کی صورت میں ہم چیمبر میں شفافیت، احتساب، خدمت اور پائیدار ترقی پر مبنی جدید نظام کو فروغ دیں گے جس میں ڈیجیٹلائزیشن، باقاعدہ رپورٹنگ اور کھلی بجٹنگ جیسے شفاف عمل شامل ہوں گے، اور ساتھ ہی صنعت و تجارت کے حقیقی فروغ، غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی سرگرمیوں کو متحرک کرنے، نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملتان کی معیشت کو عالمی سپلائی چین سے جوڑنے کے لیے ٹھوس، عملی اور وقتی طور پر اقدامات کیے جائیں گے۔ آخر میں ہمارا پختہ، غیر متزلزل اور دو ٹوک عزم ہے کہ ہم کاروباری برادری کے اعتماد اور توقعات پر پورا اترتے ہوئے چیمبر کو ایک مضبوط، بااثر، متحد اور ترقی پسند پلیٹ فارم میں تبدیل کریں گے، جہاں ہر تاجر اور صنعتکار کی آواز کو نہ صرف سنا جائے گا بلکہ اسے مؤثر، پراثر اور بروقت انداز میں متعلقہ سرکاری اور غیر سرکاری فورمز، پالیسی میکرز اور حکومتی اداروں تک پہنچایا جائے گا تاکہ ملتان کا کاروباری طبقہ ایک نئی صبح دیکھ سکے اور اس شہر کی معاشی تقدیر بدل کر رہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں