ملتان چیمبر انتخابات، فرینڈز گروپ کے منشور میں انقلابی منصوبے، مجید خان شادی خیل

ملتان (شاہد صدیق)چیمبر آف کامرس ملتان کے انتخابات کے حوالے سے جاری سیاسی سرگرمیوں میں فرینڈز گروپ کے قائد مجید خان شادی خیل نے روزنامہ قوم سے خصوصی نشست کے دوران اپنے گروپ کے منشور، مستقبل کے منصوبوں اور ملتان کی تجارتی برادری کو درپیش چیلنجز پر گہری بصیرت سے روشنی ڈالی۔مجید خان شادی خیل نےکہا کہ فرینڈز گروپ چیمبر آف کامرس کو محض ایک رسمی اور تقریبات تک محدود ادارہ نہیں رہنے دے گابلکہ اسے ایک متحرک، ذمہ دار اور حقیقی معنوں میں عوامی نمائندہ پلیٹ فارم میں تبدیل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی تاجر برادری صدیوں سے اس خطے کی اقتصادی ریڑھ کی ہڈی رہی ہےمگر افسوس کہ حالیہ برسوں میں چیمبر کا کردار اپنی اصل روح سے دور ہوتا گیا جہاں فیصلے محدود حلقوں میں ہوتے رہے اور عام تاجروں، چھوٹے صنعتکاروں اور نوجوان کاروباریوں کی آواز کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے زور دیا کہ فرینڈز گروپ اس جمود کو توڑنے کے لیے آیا ہے اور اس کا منشور شفافیت، خدمت، اور ترقی کے تین بنیادی ستونوں پر استوار ہے جس میں ہر قدم پر تاجر برادری کی مکمل شرکت اور مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔اپنے منشور کی تفصیل بتاتے ہوئے مجید خان نے کہا کہ شفافیت کا مطلب صرف اکاؤنٹس کی صفائی نہیں بلکہ چیمبر کے تمام فیصلوں، مالیاتی لین دین اور کمیٹیوں کی تشکیل کو عوامی کرنا ہے تاکہ کوئی بھی کاروباری شخص یہ جان سکے کہ اس کے وسائل کیسے استعمال ہو رہے ہیں اور اس کے مفادات کس طرح محفوظ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا ستون خدمت ہے، جس کے تحت فرینڈز گروپ تاجروں کو درپیش روزمرہ کے مسائل، خاص طور پر بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے نرخوں، بینکوں کی جانب سے غیر معقول شرح سود اور ایف بی آر کے پیچیدہ ٹیکس نظام کو چیمبر کے پلیٹ فارم سے موثر انداز میں اٹھائے گا اور اعلیٰ حکومتی حکام، وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ مسلسل لابنگ کرے گا تاکہ ٹیکس میں ریلیف، توانائی کی سبسڈی اور کاروبار کے لیے سازگار پالیسیاں حاصل کی جا سکیں۔ انہوں نے خاص طور پر برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایک علیحدہ سٹریٹجک پلان کا ذکر کیا جس میں ملتان کے روایتی دستکاری، زرعی مصنوعات، ٹیکسٹائل اور فوڈ پروسیسنگ کی صنعتوں کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے جدید ڈیجیٹل مارکیٹنگ، نمائشوں اور غیر ملکی تجارتی وفود کے تبادلے کا پروگرام شامل ہے۔ترقی کے حوالے سے مجید خان شادی خیل نے کہا کہ ترقی صرف بڑے صنعتکاروں کے لیے نہیںبلکہ ہر درجے کے کاروباری شخص کا حق ہے۔ اس سلسلے میں فرینڈز گروپ نے اپنے منشور میں ایک جامع’’یوتھ اینڈ ویمن انٹرپرینیورشپ پروگرام‘‘شامل کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں اور خواتین کاروباریوں کو مفت تربیتی ورکشاپس، آسان قرضوں کی سہولت، اور چیمبر کی سرپرستی میں کاروباری مشاورت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ہنر مند نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہےمگر انہیں سرمائے اور رہنمائی کی کمی کا سامنا ہے۔ چیمبر اگر اپنے وسائل اور نیٹ ورک کو بروئے کار لائے تو اس شہر کو ایک حقیقی اقتصادی بوم دیا جا سکتا ہے۔ نیز انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر کی تمام خدمات بشمول ممبرشپ، دستاویزات، اور درخواستیں آن لائن کی جائیں گی تاکہ تاجروں کو دفتری جھمیلوں سے نجات ملے اور وقت کی بچت ہو۔موجودہ چیمبر قیادت اور فرینڈز گروپ میں فرق واضح کرتے ہوئے مجید خان نے کہا کہ موجودہ دور میں چیمبر کی باگ ڈور چند نامور خاندانوں تک محدود رہی ہےجس کی وجہ سے متوسط اور چھوٹے تاجروں کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کے برعکس فرینڈز گروپ ایک جمہوری اور شراکتی نقطہ نظر رکھتا ہےجہاں تمام رکن کاروباریوں کو فیصلہ سازی میں برابر کا درجہ حاصل ہوگا اور چیمبر کی سالانہ اسمبلیاں باقاعدہ اور شفاف ہوں گی۔ انہوں نے اس بات پر فخر کیا کہ ان کی ٹیم میں نوجوان نسل کے ساتھ ساتھ تجربہ کار صنعتکار بھی شامل ہیں جو اس گروپ کو ایک متوازن اور جامع شناخت دیتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں