ملتان: یوم آزادی پر114 حادثات سے شہریوں کی بے احتیاطی عیاں

ملتان(شیخ نعیم سے) ملتان اور گردونواح میں جشن آزادی کے موقع پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ، شہریوں کی بے احتیاطی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث حادثات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ریسکیو ذرائع کی رپورٹ کے مطابق 14 اگست کے دوران ملتان، شجاع آباد اور جلالپور پیر والا میں مجموعی طور پر 114 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 109 حادثات ملتان شہر اور گردونواح میں، 2 شجاع آباد جبکہ 3 حادثات جلالپور پیر والا میں پیش آئے۔ حادثات کے نتیجے میں 3 سے زائد شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ بڑی تعداد میں افرادزخمی بھی ہوئے، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔جشن آزادی کے موقع پر شہر میں معمول سے زیادہ ٹریفک، موٹر سائیکلوں کی بھرمار، نوجوانوں کی جانب سے تیز رفتاری، ون ویلنگ اور ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث سڑکوں پر حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا۔ متعدد مقامات پر شہریوں کی جانب سے موٹر سائیکلوں پر خطرناک انداز میں سفر کرنے، کم عمر افراد کے موٹر سائیکل چلانے اور ٹریفک سگنلز کی پابندی نہ کرنے کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔ دوسری جانب ملتان ٹریفک پولیس کی جانب سے 14 اگست کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ٹریفک اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی، اہم شاہراہوں، چوکوں اور جشن آزادی کی تقریبات والے مقامات پر ٹریفک کی نگرانی کی گئی جبکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود حادثات کی تعداد نے شہریوں کے رویوں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے کئی اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔ جشن آزادی کے موقع پر بھی متعدد نوجوان جوش و خروش میں ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرتے دکھائی دیے، جس کے نتیجے میں خوشی کا دن کئی خاندانوں کے لیے غم کا باعث بن گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق 14 اگست کے دوران مسلسل مختلف حادثات کی اطلاع ملتی رہی اور ریسکیو اہلکاروں نے متعدد مقامات پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ ایسے مواقع پر انتظامیہ، ٹریفک پولیس، ریسکیو ادارے، والدین اور شہری سب مل کر ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کریں تاکہ جشن آزادی خوشیوں کے ساتھ منایا جائے اور کسی خاندان کا چراغ صرف چند لمحوں کی لاپرواہی کے باعث گل نہ ہو۔

شیئر کریں

:مزید خبریں