میٹرک نتائج: ملتان 72.65، بہاولپور 65.47، ڈیرہ میں 77.86 فیصد طلبہ کامیاب

ملتان،بہاول پور،ڈیرہ غازی خان (وقائع نگا ر ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،خبرنگار) پنجاب کے تعلیمی بورڈ ز نے میٹرک کے نتائج کااعلان کردیا۔طالبات بازی لے گئیں۔ملتان72.65،بہاول پور 65.47 ،ڈیرہ میں77.86 فیصدطلبہ کامیاب ر ہے ۔ تفصیل کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ امتحان میںایک لاکھ 33ہزار 19طلبا و طالبات نے شرکت کی۔96ہزار638طلبا و طالبات کامیاب ہوئے۔ امتحان میں کامیابی کا تناسب 72.65 فیصد رہا ۔سائنس گروپ میں کل 119590 اُمیدواروں نے شرکت کی۔ 88307 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 73.84 فیصد رہا ۔آرٹس گروپ میں کل 13258 اُمیدواروں نے شرکت کی۔ 8163 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 61.57 فیصد رہا ۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 96245 امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 63012 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 65.47 فیصد رہا۔گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری سکول کے عبدالحسیب ولد محمد جاوید نے 1186 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی، جبکہ مزمل بلال ولد محمد بلال 1184 نمبروں کے ساتھ بورڈ میں دوسرے نمبر پر رہے۔ام القراء پبلک گرلز ہائی سکول کی جویریہ فاطمہ اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ماڈل ٹاؤن کی ایمان فاطمہ ملک نے 1183 نمبر لے کر مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (میٹرک) سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ نتائج کے اعلان کی تقریب بورڈ آفس میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف نے نتائج کا اعلان کیا جبکہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو اسنادِ اعزاز، میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سالانہ امتحان میں مجموعی طور پر 96 ہزار 482 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 75 ہزار 124 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 77.86 فیصد رہا جسے گزشتہ برسوں کے مقابلے میں حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں طلبہ کی کامیابی کا تناسب 72.90 فیصد جبکہ طالبات کی کامیابی کا تناسب 85.01 فیصد رہا۔ اسی طرح جنرل گروپ میں طلبہ کی کامیابی کا تناسب 53.69 فیصد اور طالبات کی کامیابی کا تناسب 71.16 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق دونوں گروپس میں طالبات نے طلبہ کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔سال 2026 کے میٹرک امتحان میں عبداللہ سلیم نے 1200 میں سے 1191 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ مہر مجتبیٰ نے 1190 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ فروعہ احمد، میراب زہرا اور سید محمد جون عباس نقوی نے 1189، 1189 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔تقریب میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد اور پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر بلال سعید نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے اور ان کی محنت و لگن کو سراہا۔اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عبدالروف نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔چیئر مین بورڈ نے بتایا کہ نتائج میں کامیابی کا تناسب 77 اعشاریہ 86فیصد رہا، امتحان میں 96482 امیدواران نے حصہ لیا اور 75124 نے کامیابی حاصل کی طلبہ کی نسبت طالبات میں کامیابی کی شرح زیادہ رہی، طالبات میں کامیابی کی شرح 84 اعشاریہ 05فیصد جبکہ طلباء میں کامیابی کی شرح 72اعشاریہ 52فیصد رہی۔اسی طرح کامیابی کے لحاظ سے مظفر گڑھ پہلے، کوٹ ادو دوسرے، لیہ تیسرے، تونسہ چوتھے، ڈیرہ غازی خان پانچویں اور راجن پور چھٹے نمبر پر رہا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں