پاکستان انڈر 19 ٹیم کیلئے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ملاقات ہوئی، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ انگلینڈ میں ٹیم کی عمدہ پرفارمنس کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ انہوں نے نوجوان کرکٹرز سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیں گے، جبکہ اچھی پرفارمنس کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران منعقد کیے گئے انڈر 19 ترقیاتی کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئے اور ان کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے۔
فرحان یوسف کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا ملنا کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ بڑھانے والا اقدام ہے۔
عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا، جس کے بعد وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کر سکیں گے۔
جہانگیر بلال کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کرکٹرز اپنے اہلخانہ کی مالی معاونت کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ایک بڑی حوصلہ افزائی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں