بغیر ڈرائیور گاڑیوں کا استعمال ابھی دنیا بھر میں عام نہیں ہوا، تاہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باعث بغیر پائلٹ طیاروں کی باقاعدہ پروازیں بھی مستقبل میں حقیقت بن سکتی ہیں۔
جوبی ایوی ایشن کے سنگل انجن سیسنا کاروان طیارے نے امریکا بھر میں بغیر انسانی پائلٹ کے پرواز کرنے کی آزمائش کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔
کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جو بین بیورٹ کے مطابق امریکا بھر میں مکمل کیا گیا یہ سفر ایوی ایشن کے ایک نئے دور کی ابتدائی جھلک ہے۔
کمپنی کے مطابق طیارے نے 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے اڑان بھری اور امریکا بھر میں 3,199 میل کا فاصلہ بغیر کسی انسانی پائلٹ کی معاونت کے طے کیا۔
طیارے کے سفر کے لیے خودکار پروگرامنگ کا استعمال کیا گیا، جبکہ پرواز کے دوران اسے مختلف مقامات پر روکا بھی گیا۔ ایوی ایشن مشین نے سفر کے دوران درپیش رکاوٹوں کی مسلسل نگرانی کی۔
جوبی ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارے نے مقررہ آزمائشی سفر کامیابی سے مکمل کرلیا، جس کا اختتام 14 ستمبر کو ہوا۔ اب طیارہ واپس کیلیفورنیا روانہ ہوگا، جہاں سے اس نے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
کمپنی کے مطابق خودکار پروازوں کی ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں کو بڑے اور مرکزی خطوں سے ملانے میں مدد مل سکتی ہے۔
جوبی ایوی ایشن کا مزید کہنا ہے کہ اس نوعیت کی خودکار پروازیں قدرتی آفات کی صورت میں تیزی سے امدادی اور ہنگامی ردعمل دینے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔







