امریکا نے دوبارہ حملہ کیا تو نئے ہتھیار استعمال کریں گے، ترجمان پاسداران انقلاب

ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی کی تو ایران اپنے دفاعی اور جوابی اقدامات میں نمایاں تبدیلی لائے گا، جس میں جنگ کے جغرافیے اور استعمال ہونے والے ہتھیاروں میں تبدیلی بھی شامل ہوگی۔
حسین محبی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے نئی جارحیت کی صورت میں ایران نئے ہتھیار اور نئی صلاحیتیں میدان میں لائے گا جبکہ ایسے اہداف کو بھی نشانہ بنایا جائے گا جنہیں پہلے حملوں میں نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ترجمان پاسداران انقلاب کے مطابق ایران کے پاس ایسے نئے ہتھیار موجود ہیں جنہیں گزشتہ مراحل میں استعمال نہیں کیا گیا اور ضرورت پڑنے پر انہیں میدان میں لایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ہتھیاروں کے استعمال سے دنیا حیران ہوگی۔
حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ خطے میں ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کا سامنا کرنے والے متعدد امریکی فوجی اڈے غیر فعال ہو چکے ہیں اور امریکی فوجیوں اور فوجی سازوسامان کو دیگر مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اپنے لیے بیان کردہ شکست کو تسلیم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان نے امریکا سے کسی بھی رابطے یا سفارتی سرگرمی میں شرکت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاسداران انقلاب ایران کا دفاعی اور عسکری بازو ہے اور وہ سفارتی سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوتا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں