فلم سے نکال کر فیصل رحمان کو کاسٹ کیا گیا، میں بہت رویا تھا: جاوید شیخ کا جذباتی انکشاف

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنے فنی سفر کے ایک مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک فلم سے انہیں ہٹا کر اداکار فیصل رحمان کو کاسٹ کر لیا گیا تھا، جس پر وہ بے حد دکھی ہوئے اور آنسو بھی نہ روک سکے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم “دھماکا” کی ناکامی کے بعد بطور ہیرو انہیں فلموں میں کام ملنا تقریباً بند ہوگیا۔ اس دوران انہوں نے گاڑیوں کے کاروبار سے وابستگی اختیار کی جبکہ فلموں میں صرف چھوٹے کردار ہی ملتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں انہیں فلم “بیوی ہو تو ایسی” میں ایک معاون کردار کی پیشکش ہوئی۔ ابتدا میں وہ اس کردار کے لیے تیار نہیں تھے کیونکہ وہ پہلے ہیرو کے طور پر کام کر چکے تھے، تاہم بعد میں انہوں نے فلم سائن کرلی اور کراچی میں شوٹنگ بھی شروع ہوگئی۔
جاوید شیخ کے مطابق پانچ روز تک شوٹنگ جاری رہی، لیکن چھٹے روز انہیں بتایا گیا کہ آج ان کا سین نہیں ہے اور شام کو ایک ہوٹل میں ملاقات کے لیے بلایا گیا۔ وہاں انہیں بتایا گیا کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر نے انہیں بطور اداکار قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جگہ اُس وقت کے مقبول اداکار فیصل رحمان کو لیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی ٹیم نے ان سے معذرت کرتے ہوئے دوسرا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ اس فیصلے نے انہیں شدید صدمہ پہنچایا اور وہ اس واقعے پر بہت روئے۔
سینئر اداکار نے مزید بتایا کہ تقریباً پانچ سال بعد ڈرامہ “ان کہی” میں انہیں مرکزی کردار ملا، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بے حد مقبول ہوا۔ اس کامیابی کے بعد فلمی دنیا میں بھی ان کی واپسی ہوئی۔
جاوید شیخ نے کہا کہ تقریباً دس برس بعد وہی پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر ایک نئی فلم “چوروں کا دشمن” بنا رہے تھے۔ اس مرتبہ ڈسٹری بیوٹر نے فلم سے فیصل رحمان کو ہٹا کر انہیں لینے کا مطالبہ کیا اور پروڈیوسر کو ہدایت کی کہ جاوید شیخ سے معافی مانگ کر انہیں ہر صورت فلم کے لیے راضی کیا جائے۔ بعد ازاں وہ ان کے پاس آئے، معذرت کی اور انہوں نے فلم میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں