ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈیرہ غازی خان میں صاف ستھرا پنجاب منصوبے کے ملازمین نے دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کی بقایا تنخواہیں اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں۔احتجاج میں شریک ملازمین کا کہنا تھا کہ مسلسل دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، راشن ختم ہو گیا ہے اور متعدد ملازمین کے بجلی کے کنکشن عدم ادائیگی کے باعث منقطع ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شدید مہنگائی کے دور میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو سخت مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ نے نہ صرف دو ماہ کی تنخواہیں روک رکھی ہیں بلکہ عید کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ بونس بھی تاحال ادا نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے اور مطالبات پیش کرنے کے باوجود انہیں صرف یقین دہانیاں کرائی گئیں، تاہم عملی طور پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ملازمین نے کہا کہ وہ شہر کی صفائی جیسے اہم عوامی فریضے کو انجام دے رہے ہیں، لیکن ان کے اپنے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔ انہوں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری نوٹس لیا جائے، تمام بقایا تنخواہیں اور بونس بلا تاخیر ادا کیے جائیں اور آئندہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔احتجاجی ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔







