رنویر سنگھ کے لیے نئی آزمائش، ’ڈان 3‘ تنازع نے نیا رخ اختیار کر لیا

ممبئی: بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ فلم “ڈان 3” سے جڑے تنازع کے باعث نئی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارتی فلمی صنعت کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (FWICE) نے ان کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد معاملہ مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔
اس پیش رفت پر ردِعمل دیتے ہوئے رنویر سنگھ کے ترجمان نے کہا کہ اداکار فلمی برادری اور ڈان فرنچائز سے وابستہ تمام افراد کا احترام کرتے ہیں، تاہم انہوں نے اس معاملے پر عوامی سطح پر کوئی تبصرہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق رنویر سنگھ کا ماننا ہے کہ پیشہ ورانہ اختلافات اور حساس معاملات کو میڈیا میں اچھالنے کے بجائے باہمی احترام اور سنجیدگی کے ساتھ نجی سطح پر حل کیا جانا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں اس تنازع سے متعلق مختلف خبریں اور قیاس آرائیاں سامنے آئیں، لیکن رنویر سنگھ نے جان بوجھ کر خاموشی اختیار کی تاکہ افواہوں اور غیر ضروری بحث کو مزید تقویت نہ ملے۔ ان کی مکمل توجہ اس وقت اپنے موجودہ اور آئندہ فلمی منصوبوں پر مرکوز ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ اداکار ہمیشہ فلمی صنعت اور اس سے وابستہ اداروں کا احترام کرتے آئے ہیں اور مستقبل میں بھی پیشہ ورانہ تعلقات کو خوش اسلوبی سے برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب ایف ڈبلیو آئی سی ای نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رنویر سنگھ سے تنازع کے حوالے سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ تنظیم کے مطابق انہیں تین مرتبہ یاددہانی خطوط بھی بھیجے گئے، تاہم اداکار کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور نہ ہی وہ تنظیم کے نمائندوں کے سامنے پیش ہوئے۔
تنظیم کے اس اقدام کے بعد “ڈان 3” کے گرد جاری تنازع مزید نمایاں ہو گیا ہے، جبکہ فلمی حلقوں میں اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آنے والے دنوں میں دونوں فریق اس تنازع کو کس طرح حل کرتے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں