کراچی: منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف اہم شواہد عدالت میں پیش کر دیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں منشیات کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر دلائل سنے گئے، جہاں تفتیشی افسر نے ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد عدالت میں جمع کرائے۔
پولیس کے مطابق 500 سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزی ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان مبینہ طور پر ایک ایزی لوڈ شاپ چلاتے ہیں اور ان پر الزام ہے کہ وہ انمول عرف پنکی کے ساتھ مل کر منشیات کی سپلائی اور مالی لین دین میں ملوث رہے ہیں۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے کال ریکارڈز اور وائس نوٹس کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائی گئیں۔
تفتیشی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ذیشان الرحمان اور سہیل الرحمان مبینہ طور پر انمول عرف پنکی کے اہم سہولت کار ہیں، اور پولیس نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ شواہد کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ تھانہ بغدادی میں درج ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔







