ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی فلم میں شامل بولڈ مناظر پر ان کے والدین کافی پریشان ہو گئے تھے۔
اداکارہ کے مطابق ان کا تعلق ایک قدامت پسند اور روایتی گھرانے سے ہے، جہاں فلم انڈسٹری کو ابتدا میں زیادہ مثبت نظر سے نہیں دیکھا جاتا تھا۔ اسی وجہ سے ان کے فلمی کیریئر کے آغاز پر گھر میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے اپنی ڈیبیو فلم ’’گینگسٹر‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 2006 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں کچھ جرات مندانہ مناظر شامل تھے، جنہیں دیکھ کر ان کے والد خاموش رہے اور کوئی واضح ردعمل نہیں دیا۔
انہوں نے بتایا کہ جب ان کی والدہ نے فلم دیکھی تو انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کم عمر تھیں اور ان سے ایسے مناظر کروانا مناسب نہیں تھا۔ اس ردعمل نے انہیں اس وقت کچھ مایوس بھی کیا۔
کنگنا کے مطابق اس وقت ان کے والدین کی زیادہ توجہ اس بات پر تھی کہ معاشرہ اور لوگ ان کے کام کو کس نظر سے دیکھیں گے، نہ کہ ان کی اداکاری یا فلم کی کہانی پر۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے گھر میں پہلے فلمی خبروں اور ستاروں کے حوالے سے زیادہ دلچسپی نہیں لی جاتی تھی اور اکثر اخبار میں فلمی صفحات الگ کر دیے جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 1990 اور 2000 کی دہائی کے آغاز میں فلم انڈسٹری کے بارے میں کئی منفی تصورات موجود تھے، جن میں انڈر ورلڈ سے تعلقات جیسے الزامات بھی شامل تھے، جس کی وجہ سے ان کے والدین کا رویہ بھی ابتدا میں محتاط تھا۔
تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی سوچ میں واضح تبدیلی آئی۔ کنگنا کے مطابق جب انہیں نیشنل ایوارڈ ملا تو ان کے والدین کو پہلی بار ان کی کامیابی پر فخر محسوس ہوا۔
بعد ازاں پدما شری جیسے بڑے اعزازات نے ان کے کیریئر کو مکمل طور پر تسلیم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور ان کے والدین نے ان کے کام کو دل سے قبول کر لیا۔







