بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) تحصیل سٹی اور صدر میں رجسٹریوں کے شیڈول میں مبینہ رد و بدل کا بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، جہاں ذرائع کے مطابق ریونیو افسران اور پٹواریوں کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ اے ڈی سی آر کی جانب سے نائب تحصیلداروں کو اختیارات ملنے کے بعد بعض افسران پر اپنے من پسند اہلکار تعینات کر کے رجسٹری فیسوں میں رد و بدل کرنے کے الزامات لگ رہے ہیں، جس پر شہری حلقوں نے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحصیل صدر میں تعینات پٹواری صفی اللہ، جو حلقہ مسافر خانہ اور خانقاہ شریف میں فرائض سرانجام دے رہا ہے، مبینہ طور پر نیب تحصیلدار عبدالحمید وڑائچ کی سرپرستی میں رجسٹریوں کے شیڈول میں کمی بیشی کر کے ایف بی آر اور صوبائی حکومت کی فیسوں میں رد و بدل کر رہا ہے جس کے باعث سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے روزانہ نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صفی اللہ کو افسران کی مبینہ سرپرستی میں ایک حلقے کے ساتھ اضافی چارج بھی دیا گیا ہے اور رجسٹری کی منظوری کے بعد موقع ملاحظہ کی رپورٹ اپنی مرضی سے تیار کرائی جاتی ہے تاکہ فیسیں کم سے کم خزانہ سرکار میں جمع ہوں۔ اس عمل سے ایف بی آر کو بھی مالی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ بہاولپور ڈویژن میں رواں مالی سال کے دوران ایف بی آر کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے۔اسی طرح تحصیل سٹی میں نائب تحصیلدار وسیم اور نیب تحصیلدار آمنہ جنجوعہ کی مبینہ سرپرستی میں محمد علی پٹواری کو رجسٹری مارک سٹی تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد علی پٹواری بیشتر وقت تحصیل دفتر میں موجود رہتا ہے جبکہ فیلڈ ڈیوٹی اپنی مرضی کے مطابق کروائی جا رہی ہے۔ سرکاری ریکارڈ مبینہ طور پر حق نواز منشی کے حوالے کر دیا گیا ہے جو موقع ملاحظہ کے بعد شیڈول میں رد و بدل کر کے فیسوں میں کمی بیشی کر رہا ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس طریقہ کار کے ذریعے نہ صرف ایف بی آر بلکہ حکومت پنجاب کو بھی فیسوں کی مد میں روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔شہری حلقوں نے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ ملتان ڈویژن کی طرز پر فوری تحقیقات کروا کر تحصیل سٹی اور صدر میں ہونے والی تمام رجسٹریوں کی ازسرِنو جانچ کرائی جائے اور موقع ملاحظہ کی رپورٹ متعلقہ پٹواری حلقہ کے مطابق کروانے کا پابند بنایا جائے۔شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر رجسٹری مارک تعینات پٹواریوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا سدباب کیا جا سکے۔







