قوم کی خبر پر بھونچال، ایم ڈی اے انفورسمنٹ متحرک، آپریشن، ریڑھیاں ہٹوادیں

ملتان (سپیشل رپورٹر)روزنامہ قوم میں شائع ہو نے والی خبر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے انفورسمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ روز بھرپور کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی ٹھیلے، ریڑھیاں اور تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کے دوران عوامی راستوں، سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا۔ موقع پر موجود اہلکاروں کا کہنا تھا کہ متعدد بار نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، مگر تجاوزات مافیا باز نہیں آتا، جس کے بعد مجبوراً زبردست کارروائی عمل میں لانا پڑی۔اہلکاروں نے واضح کیا کہ اب کسی کو ناجائز طور پر ریڑھی یا ٹھیلا لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر عوامی شکایات موصول ہوئیں تو مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق یہ آپریشن عوامی شکایات اور روزنامہ قوم کی نشاندہی پر کیا گیا، جس کا مقصد شہر کو تجاوزات سے پاک اور آمدورفت کو آسان بنانا ہے۔ شہریوں نے بھی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے آپریشن مسلسل بنیادوں پر کیے جائیں تاکہ قبضہ مافیا کو لگام دی جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں