Post Views: 35
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق پہلے یہ امتحان 16 اگست 2026 کو منعقد ہونا تھا، تاہم اب اسے ملتوی کرتے ہوئے 20 ستمبر 2026 کی نئی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔
کونسل کا کہنا ہے کہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا مقصد امتحانی عمل کو زیادہ شفاف، محفوظ اور بہتر انداز میں منعقد کرنا ہے تاکہ تمام امیدواروں کو منصفانہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ 2026 سے متعلق دیگر تمام قواعد، شرائط اور امتحانی انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ امیدواروں، والدین اور تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تازہ معلومات کے لیے پی ایم ڈی سی کے سرکاری ذرائع اور ویب سائٹ سے رجوع کریں۔







