Post Views: 25
اسلام آباد: کشمیر سے متعلق احتجاج کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور شریک ملزم دانیال کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کر دی۔
ڈیوٹی جج عبدالغفور کی عدالت میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دونوں ملزمان کو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کے سلسلے میں گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا باقی ہے، اس لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔
استغاثہ نے عدالت سے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی درخواست کی، تاہم عدالت نے درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر ملزمان کو مزید چار روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق اس مقدمے کا اندراج اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔







