پاکستان اور چین کی دوستی اور ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون پر وفاقی وزیر اطلاعات کا بیان

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک بھارت تنازع میں ڈیجیٹل میڈیا نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کی روک تھام آج کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ فیک نیوز اور مس انفارمیشن جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے میڈیا، خاص طور پر ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیر اطلاعات نے اسلام آباد میں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری وقت کے ساتھ مضبوط ہوئی ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں بالخصوص میڈیا میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو لازوال، تاریخی اور مثالی قرار دیا اور کہا کہ ہر مشکل موقع پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ (CPEC) نہ صرف ملکی معیشت بلکہ معاشرتی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہ منصوبہ دنیا کے مختلف ممالک کو جوڑنے والا گیم چینجر منصوبہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کے فرق کو سمجھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں