پی آئی اے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ، آکسیجن ماسک کھلنے سے مسافروں میں خوف و ہراس

اسلام آباد: قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز PK-860، جو جدہ سے لاہور آرہی تھی، کو سعودی عرب کے دمام ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز کے آکسیجن ماسک کھل گئے، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق جہاز میں تکنیکی خرابی کا سگنل پائلٹ کو موصول ہوا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا۔ جہاز میں 381 سے زائد مسافر سوار تھے، اور سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز کو دمام میں اتارا گیا۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا اور پاکستان سے متبادل طیارہ روانہ کیا گیا جو مسافروں کو لاہور پہنچائے گا۔ دمام ائیرپورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی اور پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں