چوک سرور: دھند تیز، رفتاری، سکول بس، ٹرالر تصادم، 2 طلبہ جاں بحق، 13 شدید زخمی

چوک سرورشہید،کوٹ ادو(تحصیل رپورٹر،نامہ نگار) سکول وین اورٹرا لر میں خوفناک تصادم،حادثہ تیز رفتار ی کے باعث پیش آیا، حادثہ کے نتیجےمیں2 طالب علم جاں بحق اور13طلبہ شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو1122 اورپولیس نے زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید منتقل کیا۔تفصیل کے مطابق تحصیل چوک سرورشہید مظفر گڑھ میانوالی روڈ چوک سرورشہید شہر کے قریب اڈہ حسین شاہ پر صبح سویرے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ سکول کے بچوں کو لے جانے والی سکول وین نمبرCS-7815سندھ،جس میں 14طلباو طالبات سوارتھے جو کہ چوک سرورشہید کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم تھے۔ زیادہ تعد اد ملت ہائر سیکنڈری سکول کی تھی ۔دھند اور تیز رفتاری کے باعث سامنے والے ٹرالر نمبرJU-8688 سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کے نتیجہ میں ایک طالب علم13 سالہ عبدالقادر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیاجبکہ نشترریفرکی گئی ایک بچی زخموں کی تاب نہ لاتےہوئےچل بسی۔چار بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی جاتی ہے۔زخمی بچوںمیں ملائیکہ سعید دختر سعیداحمد بالعمر 17 سال، کرن دختر محمد اسلم 15 سالہ، جنید ولد وسیم9 سال، امیرفاطمہ دختر وارث شاہ بالعمر 16 سال، ماہ جبیں دختر سعید احمد 16 سال، علینہ مظہر دختر مظہر 13 سال، انعم دختر وسیم 14 سال، انوشہ دختر تنویر عمر21 سال، عائشہ دختر زاہد عمر 14 سال،ارتضیٰ ولد وسیم عمر 10 سال، مدثر ولد وسیم عمر 11 سال، ابراہیم ولد زاہدعمر 13 سال، حمزہ ولد عمیر 14 سالہ شامل ہیں جنہیں ریسکیو1122 نے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید منتقل کیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں ڈی پی او کوٹ ادو منصور، ڈی ایس چوک سرورشہید عبدالشکور قیصرانی، اسسٹنٹ کمشنر جام محمد اسلم بھی ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرورشہید پہنچے زخمیوں کی عیادت کی، حادثہ سے ہسپتال میں قیامت صغریٰ کا سماں تھا۔ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، شدید زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کردیاگیا۔ جبکہ معلوم ہوا ہے کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایس ایچ او رانا ہارون اختر کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ جلد متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا ۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوٹ ادو منصور قمر نے سرور شہید کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے کے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حادثے کی نوعیت، اسباب اور موقع پر موجود شواہد کا بغور جائزہ لیا۔ قیمتی جان کے ضیا پر اظہار افسوس اور زخمیوں کی عیادت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے متعلقہ پولیس افسران سے واقعے کی تفصیلی بریفنگ لی اور ریسکیو و امدادی کارروائیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ڈسٹرک پولیس آفیسر کوٹ ادو نے افسران کو ہدایت کی کہ حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ علاقے میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں