اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری کے معاملے پر انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کرتے ہوئے نجکاری کے عمل کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی تنظیم کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے لکھے گئے خط میں پی آئی اے کی نجکاری پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کا عمل اس کی یونینز کو اعتماد میں لیے بغیر آگے بڑھایا جا رہا ہے، جو ایک سنجیدہ اور قابلِ تشویش معاملہ ہے۔
انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن نے مؤقف اختیار کیا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی نمائندہ یونینز کو نظر انداز کرنا شفافیت اور مشاورت کے اصولوں کے خلاف ہے، اس لیے نجکاری کے عمل کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ تنظیم نے زور دیا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز، خصوصاً ملازمین کی یونینز کو اعتماد میں لینا ناگزیر ہے۔







