کچہ میں سکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن وار، ڈرون حملوں سے خطرناک ڈاکو ہلاک، کئی شدید زخمی

جام پور (تحصیل رپورٹر) کچہ کراچی اور کچہ راجن پور میں جرائم پیشہ ڈاکوؤں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا بڑا اور کامیاب آپریشن، سندھ رینجرز، سندھ پو لیس ، راجن پور اور رحیم یار خان پولیس پر مشتمل مشترکہ کارروائی کے دوران کچہ کراچی کے خطرناک علا قے میں موجود ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بدنام زمانہ ڈاکو قابل سکھانی کابھائی زاہد عرف لالہ ہلاک ہو گیا، جبکہ شیرو کورائی اور اس کی بیوی سمیت متعدد ڈاکو شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں میں متارا سکھانی قابل سکھانی کا ایک اور بھائی۔ عاشق کورائی، غلام فرید موہانہ اور یوسف ولد شوبی بکرانی شامل ہیں۔آپریشن کے دوران جدید اسلحہ اور ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس سے ڈاکوؤں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔پولیس اور رینجرز حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ کچہ کے علاقے کو جرائم سے پاک کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ اہل علاقہ نے فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں