اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق مقدمہ باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
جاری تفصیلات کے مطابق ارشد شریف قتل کیس کی سماعت 3 دسمبر کو دو رکنی بینچ کرے گا، جس کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے جبکہ جسٹس روزی خان بھی بینچ میں شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اس قتل پر ازخود نوٹس لیا تھا، تاہم 27ویں آئینی ترمیم کے بعد تمام ازخود نوٹس کیسز آئینی عدالت کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔
سپر ٹیکس کیس بھی مقرر
آئینی عدالت نے سپر ٹیکس سے متعلق اہم کیس کو بھی آئندہ ہفتے ایجنڈے میں شامل کر لیا ہے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ پیر سے اس کیس کی سماعت شروع کرے گا، جبکہ جسٹس ارشد حسین اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
بینچ نمبر 1 یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک سپر ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ آئندہ ہفتے عدالت میں مجموعی طور پر تین بینچز مختلف مقدمات سنیں گے۔
بینچز کی تفصیل
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ
جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس کریم خان آغا پر مشتمل تیسرا بینچ







