وزیراعظم شہباز شریف کا بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

منامہ: وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منامہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین برادر ملک ہیں اور ہماری اسٹریٹیجک شراکت داری کئی برسوں پر محیط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرین کے دورے کا مقصد اقتصادی شعبوں میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے، خصوصاً زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نے بحرینی پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کے ہر کونے میں پاکستان کی پہچان مضبوط کی، اور گزشتہ مالی سال میں 484 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی ہیں۔ انہوں نے بحرین کی قیادت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی سے درخواست کی کہ وہ بحرین میں پاکستان کے بہترین سفیر کے طور پر کام کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بحرین مالیاتی ترقی اور جدید معیشت کا روشن نمونہ ہے، اور پاکستان اس سے سیکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان کے پاس افرادی قوت، وسائل اور اسٹریٹیجک محل وقوع ہے جبکہ بحرین کے پاس مالیاتی مہارت اور عالمی تجربہ ہے، اور دونوں ممالک مل کر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی اصلاحات اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے اور بحرین کے سرمایہ کاروں کو بھرپور تعاون کی دعوت دی جاتی ہے۔ سرمایہ کار پاکستان آئیں، ہمارے ساتھ شراکت داری کریں، ہم سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور کاروباری تعاون میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ایک چیلنج کے ساتھ ساتھ بڑا موقع بھی ہے، اور انہیں جدید مہارتوں، آئی ٹی اور اے آئی کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ بحرین کے کاروباری اداروں کے ساتھ نئی اقتصادی راہیں کھولی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندی دے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں