عمران خان کی صحت پر افواہیں؛ پی ٹی آئی کا حکومت سے فوری وضاحت کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق پھیلنے والی ’افواہوں‘ پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری وضاحت کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلِ خانہ سے ملاقات کا فوری اور شفاف انتظام کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے عمران خان کی بہنوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، جس کی وجہ سے انہوں نے عمران خان کی موجودگی اور صحت پر سنگین سوالات اٹھائے اور اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج بھی کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ان کی مبینہ ’وفات‘ سے متعلق غیر مصدقہ خبریں گردش کرتی رہیں، جنہیں بھارتی میڈیا نے بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ جمعرات کی صبح ایکس پر ’عمران خان کہاں ہیں؟‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان سے متعلق ’سنگین اور گمراہ کن اطلاعات‘ افغان اور بھارتی میڈیا سمیت مختلف غیر ملکی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پھیلائی جا رہی ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ وزارتِ داخلہ اور حکومت فوراً واضح تردید جاری کرے اور حقیقت سے متعلق باضابطہ بیان دے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت، سلامتی اور موجودہ صورتحال کے بارے میں ریاست کو شفاف طریقے سے حقائق سامنے لانا ہوں گے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف تحقیقات کی جائیں اور قوم کو سچ بتایا جائے۔
پارٹی نے خبردار کیا کہ قوم اپنے قائد عمران خان کے بارے میں کسی قسم کی بے یقینی برداشت نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کے انسانی حقوق، آئینی حقوق اور سیکیورٹی کی براہ راست ذمے دار حکومت ہے، اور پارٹی ہر قانونی و سیاسی راستے سے ان بے بنیاد خبروں کا مقابلہ کرے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں