چوالیس ہزار اسامیاں ختم کردیں، اس سے 56 ارب کی بچت ہوگی : وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا ہے کہ حکومت نے 54 ہزار خالی اسامیاں ختم کر دی ہیں، جس سے سالانہ 56 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ اس کے ساتھ کئی وزارتوں اور محکموں کے انضمام اور خاتمے کا عمل بھی جاری ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کی تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ معاشی استحکام، مسابقت اور مالی نظم و ضبط کے لیے اصلاحات کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ٹیکس نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا ایجنڈا جاری ہے اور ملک کو کیش اکانومی سے ڈاکومنٹڈ اکانومی کی طرف منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگ زیب نے مزید کہا کہ اوسط قرض کی میچورٹی بڑھ کر 4 سال ہو گئی ہے اور ری فنانسنگ کے خطرات میں کمی آئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ساڑھے 3 فیصد معاشی نمو کو اگلے برس 4 فیصد تک بڑھایا جائے، جبکہ درمیانی مدت میں یہ شرح 6 سے 7 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری نظام بھی فعال ہونے کے قریب ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے اور نجی شعبہ ملک کو آگے لے کر جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 11 ویں این ایف سی ایوارڈ کا پہلا اجلاس 4 دسمبر کو منعقد ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں