اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کے معاملے میں اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے عدالت کو تفصیلی جواب جمع کروا دیا ہے۔ جیل حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا اور اس حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سخت سیکیورٹی میں ہیں اور ان کے پاس موبائل فون یا دیگر ممنوعہ اشیاء کی موجودگی ممکن نہیں۔ جیل میں موبائل سگنلز جیمر نصب ہیں، جس کی وجہ سے اندر اور اطراف میں سگنلز مکمل طور پر بند رہتے ہیں۔
جیل کے اندر عمران خان اور ان پر تعینات اسٹاف کی مستقل سرچ کی جاتی ہے، اس لیے کسی بھی ممنوع سہولت تک رسائی ناممکن ہے۔ جیل رول 265 کے تحت بانی پی ٹی آئی کو سیاسی گفتگو سے روکا جاتا ہے، تاہم وکلا اور بعض اوقات فیملی ممبران قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی مباحثوں میں مشغول ہو جاتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جیل سے دی گئی سیاسی ہدایات نے بعض مواقع پر تشدد کو ہوا دی، لیکن موجودہ ایکس اکاؤنٹ جیل کے اندر سے آپریٹ نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اکاؤنٹ جیل کے باہر ہی سے چلایا جا رہا ہے اور جیل کے اندر صرف قانونی اور عدالتی طور پر فراہم کردہ سہولیات دستیاب ہیں۔







