ملتان (وقائع نگار) قائم مقام صدر پاکستان سے کمشنر ملتان کی ملاقات ،ترقیاتی منصوبوں، سموگ اور صحت عامہ کی صورتحال بارے بریفنگ قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملاقات کی، جس میں ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔قائم مقام صدر نے سیلاب کے دوران ضلعی انتظامیہ اور کمشنر ملتان کی مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت ریلیف آپریشن اور متاثرین کی بحالی انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی کی سیلابی صورتحال کے دوران انتھک محنت اور متاثرین کے لیے مستقل سرگرمیوں کا اعتراف بھی کیا۔سموگ کی موجودہ شدت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔مزید برآں، ملاقات میں ڈویژن کے ہسپتالوں اور صحت عامہ کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ قائم مقام صدر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر ہسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے، حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا جائے اور مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنایا جائے۔ملاقات کے دوران تاریخی و روحانی اہمیت کے حامل موسیٰ پاک دربار کی تعمیر سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ قائم مقام صدر نے کمشنر کو ہدایت کی کہ دربار کے رکے ہوئے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی بھی موجود تھے۔
قائم مقام صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان انڈسٹرئیل اسٹیٹ میں محمود گروپ آف ٹیکسٹائل ملز کا دورہ کیا، جہاں انہیں گروپ کے سربراہ خواجہ محمد انیس کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کا مقصد ملکی صنعت، ٹیکسٹائل سیکٹر کی موجودہ صورتحال اور برآمدات میں اضافہ کے لیے نجی شعبے کے کردار کا جائزہ لینا تھا۔خواجہ محمد انیس نے قائم مقام صدر کو ملز میں جدید مشینری، پروڈکشن پراسیس، لیبر ویلفیئر پروگرامز، ٹیکسٹائل اور ایکسپورٹ آرڈرز سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ محمود گروپ جدید ٹیکنالوجی، پائیدار صنعتی طریقوں اور عالمی معیار کے مطابق مصنوعات تیار کر کے ملکی ایکسپورٹ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر کپاس اور زرعی پیداوار سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ٹیکسٹائل پاکستان کی برآمدات کی ہڈی ہے، جبکہ کپاس اس صنعت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے خصوصاً کپاس کی فصل میں بہتری، بیج کے معیار، آبپاشی نظام، جدید زرعی تحقیق اور کسانوں کی معاونت سے ٹیکسٹائل انڈسٹری مزید مضبوط ہوگی ۔قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے محمود گروپ کی صنعتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت صنعت و تجارت کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے انہوں نے برآمدات میں اضافے، روزگار کے مواقع اور ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے نجی شعبے کی کاوشوں کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے گروپ کی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔دورے میں سینئر انتظامی افسران اور صنعت سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔







