بہاولپور( کرائم سیل ) محکمہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز کرپشن کا گڑھ بن گیا،رات کی تاریکی میں دفتر کھول کر خالی چالانوں پر دستخط، ہزاروں کے نذرا نے ، ویڈیو ثبوت میڈا کو موصول ،تفصیلات کے مطابق محکمہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز بہاولپور میں کرپشن کی بدترین داستانیں سامنے آ گئیں۔ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ بہاولپور شاہد حسین نے لوٹ مار کے ایسے ریکارڈ قائم کر دیے کہ سن کر عوام اور کسان حلقے بھی حیران رہ گئے۔میڈیا کو ایسی ویڈیوز موصول ہوچکی ہیں جن میں رات کی تاریکی میں دفتر کھول کر فائلوں کی تکمیل، خالی چالان سلپس پر دستخط اور ڈرائیور کے ذریعے غیرقانونی کارروائیاں کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر شاہد حسین نے اپنے ڈرائیور محمد حسن کو فرنٹ مین بنا کر پیسٹی سائیڈز لائسنس کے اجرا کے لیے آنے والے امیدواروں سے بھاری رقوم، ٹینٹ کرسیوں کے اخراجات کے نام پر ہزاروں روپے نذرانہ وصول کیا۔ مزید انکشاف یہ ہوا ہے کہ موصوف نے خالی چالان سلپس پر پہلے سے دستخط کرکے ڈرائیور کو دے رکھے تھے، تاکہ جو چاہے اپنی مرضی سے نام لکھ کر چالان جمع کرواسکے۔حالانکہ رولز کے مطابق امیدواروں کے تعلیمی ریکارڈ اور میٹرک سرٹیفکیٹ کی ویری فکیشن کے بعد ہی چالان جاری کیا جاتا ہے، مگر بہاولپور میں یہ تمام ضابطے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد حسین دفتر کے تمام اہلکاروں کے جانے کے بعد رات کی تاریکی میں دوبارہ دفتر کھول کر فائلیں تیار کرتا ہے اور انہیں اگلے دن کا ریکارڈ ظاہر کر کے فائلوں میں شامل کر دیا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ امیدواروں کے چالان جو کہ خود بینک میں جمع کروائے جانے لازمی ہوتے ہیں، وہ بھی ڈرائیور محمد حسن کے ذریعے جمع کرائے جاتے ہیں۔میڈیا کو موصول ہونے والی ویڈیوز میں ڈرائیور اور ڈائریکٹر کی رات گئے خفیہ سرگرمیاں، فائلوں کی تیاری اور چالان سلپس کی ہیر پھیر واضح دیکھی جاسکتی ہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے سیکرٹری زراعت پنجاب اور ڈی جی پیسٹ وارننگ پنجاب سے فوری انکوائری، سخت کارروائی اور ذمہ داروں کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔







