“نو مئی کے مقدمات: ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت درخواستوں پر پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع”

لاہور: 9 مئی کے مقدمات کے سلسلے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر عدالت نے پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی کو عسکری ٹاور جلاؤ اور دیگر 3 مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت اے ٹی سی جج منظر علی گل کے روبرو ہوئی۔ پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن میٹنگ میں گئی ہے، جس کی وجہ سے دلائل نہیں دیے جا سکتے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا اور سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے، اور اگر آئندہ سماعت میں ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو عدالت اپنا فیصلہ جاری کرے گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے کہا کہ ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر دیے گئے ہیں اور پراسیکیوشن کی تاخیر کی وجہ سے فیصلہ مؤخر ہو رہا ہے۔ وکیل نے اپنے دلائل کی حمایت میں عدالتی فیصلوں کی نقول بھی عدالت کو پیش کیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہاؤس کے قریب چوک میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں