راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں علیمہ خان کے 10 ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی زیر صدارت ہوئی۔
عدالت نے علیمہ خان کی اسلام آباد اور پنجاب بھر میں ملکیتی جائیداد کی تازہ تفصیلات طلب کر لیں، جبکہ بینک اکاؤنٹس منجمند نہ کرنے پر دو بینک مینجرز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔
علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جبکہ دیگر ملزمان حاضری کے بعد عدالت سے روانہ ہو گئے۔ مقدمے کے دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد انہیں 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اس سے قبل علیمہ خان کے 9 وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور 5 گواہان کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
وکیل صفائی فیصل ملک نے کہا کہ علیمہ خان آج بھی پیش نہیں ہوں گی، اور ہم مقدمے کی دہشت گردی کی دفعات کو پہلے ہی چیلنج کر چکے ہیں، یہ دفعات اس کیس میں لاگو نہیں ہوتیں۔







