خانیوال (نمائندہ خصوصی، خبرنگار ) خانیوال میں لرزہ خیز سانحہ، — تھانہ کچاکھوہ کے علاقے 33 دس آر میں درندہ صفت سسر نے بہو سے زیادتی کی کوشش کے بعد مزاحمت پر تیزاب پھینک دیا۔ متاثرہ خاتون سارہ بی بی شدید جھلس گئی، تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم شوکت حیات طویل عرصہ سے اپنی بہو پر بری نظر رکھتا تھا۔ واقعے کے روز ساس اپنی پوتی کو چیز دلوانے کے لیے گھر سے باہر گئی تو سارہ بی بی اکیلی تھیں۔ اسی دوران سسر شوکت حیات نے بہو کو دبوچ لیا، زبردستی کمرے میں لے گیا اور زیادتی کی کوشش کی۔ مزاحمت پر اس نے غصے میں آ کر تیزاب پھینک دیا جس سے خاتون کی گردن اور بازو بری طرح جھلس گئے۔متاثرہ خاتون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایامیرا سسر پہلے بھی بری نیت رکھتا تھا، جب میں نے مزاحمت کی تو اس نے غصے میں آ کر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ میں اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہی تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کچاکھوہ کے ایس ایچ او عدنان خورشید نے فوری کارروائی کی۔ ڈی ایس پی صدر خالد جاوید جوئیہ کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے بس سٹینڈ پر چھاپہ مار کر ملزم شوکت حیات کو گرفتار کر لیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اسماعیل کھاڑک نے متاثرہ کے شوہر احمد حیات کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے اور شفاف تفتیش کی ہدایت دی۔بعد ازاں ڈی ایس پی خالد جاوید جوئیہ خود موقع پر پہنچے، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔واقعے کی اطلاع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹیم کے بروقت ایکشن پر شاباش دی اور متاثرہ خاتون کے علاج و معالجے کی تمام تر ذمہ داری حکومت پنجاب کے ذمے لینے کا اعلان کیا۔متاثرہ خاندان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او خانیوال سے مطالبہ کیا کہ درندہ صفت ملزم کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی عورت پر ظلم کی ہمت نہ کرے۔







