ملتان (سٹاف رپورٹر) صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے سینیٹ یونیورسٹی آف کوٹلی کی طرف سے بھیجے گئے آرڈر آف میرٹ کے مطابق پہلے تین امیدواروں پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل اور پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب علی بخاری سے ایوانِ صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں انٹرویوز کیے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹیز بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انٹرویوز کے بعد یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے آرڈر آف میرٹ کے مطابق پہلے نمبر پر آنے والے امیدوار پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر کی بطور وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی آزاد جموں و کشمیر کے لئے حتمی منظوری دے دی ہے۔ ڈاکٹر زکریا پہلے پونچھ یونیورسٹی، پھر اوکاڑہ یونیورسٹی اور اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی کے بھی وائس چانسلر رہ چکے ہیں۔ اب انہیں ایک اور مستقل مدت یعنی پانچ سال کے لئے آزاد جموں و کشمیر کی کوٹلی یونیورسٹی کا باقاعدہ چارج مل گیا ہے۔ ڈاکٹر زکریا سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین بھی رہ چکے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر ایک نامور ماہرِ عمرانیات (Sociologist) اور محقق ہیں۔ وہ بین الاقوامی سطح پر تعلیم، سماجی تحقیق، امن و رواداری اور سماجی ترقی کے حوالے سے معروف ہیں۔ انہوں نے متعدد قومی و بین الاقوامی تحقیقی منصوبوں کی نگرانی کی ہے اور ان کے تحقیقی مضامین معتبر جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر زکریا ذاکر نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے سوشیالوجی کے بعد جرمنی کی یونیورسٹی آف بون (University of Bonn) سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ سماجی علوم میں اصلاحات، تعلیم میں شفافیت اور نوجوانوں کی اخلاقی و فکری تربیت کے فروغ کے لئے سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔







