سی سی ڈی کی بڑی کارروائیاں، پنجاب میں 8 خطرناک گینگز کا خاتمہ

پنجاب بھر میں سی سی ڈی کی جانب سے کی گئی مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیوں کے نتیجے میں 8 خطرناک گینگز کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جنہوں نے مختلف شہروں میں شہریوں کے لیے خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق ان کامیاب کارروائیوں پر سی سی ڈی کی مختلف ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر 4 کروڑ 75 لاکھ روپے کے نقد انعامات کی سفارش کی گئی ہے۔
فیصل آباد میں بدنام زمانہ شاہ گینگ کے خاتمے پر 1 کروڑ 50 لاکھ روپے انعام کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ملتان میں وسیم کلہاڑا گینگ کے صفائے پر 80 لاکھ روپے انعام تجویز کیا گیا ہے۔
اسی طرح ساہیوال میں لوری گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر 50 لاکھ روپے، لاہور میں گینگ ریپ کے ملزمان کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت پر 50 لاکھ روپے، اور حافظ آباد میں گینگ ریپ کیس کے مرکزی ملزمان کی ہلاکت پر بھی 50 لاکھ روپے کے انعام کی سفارش کی گئی ہے۔
مزید برآں، راولپنڈی میں جھاکا گینگ کے خلاف کارروائی پر 45 لاکھ روپے، جبکہ سیالکوٹ میں گینگسٹر بلال عرف بھالو کے خاتمے پر 25 لاکھ روپے کے نقد انعام کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تجویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں بادام گل گینگ کے خاتمے پر بھی 25 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے، تاکہ بہادری اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو۔

شیئر کریں

:مزید خبریں