اسحاق ڈار کا پُراعتماد جواب، ستائیسویں آئینی ترمیم پر نمبرز پورے ہونے کا عندیہ

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ستائیسویں آئینی ترمیم کے لیے درکار اعداد و شمار پورے ہونے سے متعلق سوال پر پُر اعتماد جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سینیٹرز کے اعزاز میں ناشتہ رکھا گیا، جس میں حکومتی اتحاد کی تمام جماعتوں کے سینیٹرز کو مدعو کیا گیا تھا۔ ناشتہ پارلیمنٹ ہاؤس کے بینکوئیٹ ہال میں منعقد ہوا جہاں انتظامات پہلے ہی مکمل کر لیے گئے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز سے ملاقات بھی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے تعاون اور آئینی ترمیم کی حمایت پر شکریہ ادا کریں گے۔ تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک تھے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مجوزہ ترمیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ناشتہ میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ صحافی نے ان سے سوال کیا کہ “کیا سینیٹ میں نمبرز پورے ہیں؟” تو اسحاق ڈار نے مسکراتے ہوئے کہا، ’جی ان شاءاللہ!‘۔
ایک اور سوال پر کہ “کیا نیشنل پارٹی حمایت کرے گی؟” اسحاق ڈار کا کہنا تھا، “ووٹنگ کے وقت سب معلوم ہو جائے گا۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی طبیعت ناساز ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام وقت کی ضرورت بن چکا ہے، اور بتایا کہ ملٹری کمانڈ کے معاملے پر طویل مشاورت کی گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں