سانحہ 9 مئی کیس: زمان پارک میں گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں گواہوں کو طلب کرلیا گیا

لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے دوران زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوشن کے گواہوں کو شہادت کے لیے طلب کرلیا۔
ایڈمن جج منظر علی گل کے روبرو کیس کی سماعت ہوئی، جس دوران جیل میں موجود ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی۔ زیرِ حراست ملزمان میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل تھے، جبکہ ان کے وکلا رانا مدثر عمر اور میاں علی عمار عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے جیل ٹرائل کی کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس نے زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی کے واقعات کے دوران تشدد اور ہنگامہ آرائی پر اکسانے کا الزام ہے۔
دوسری جانب سانحہ 9 مئی کے دیگر مقدمات میں زیرِ حراست پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا اور پراسیکیوشن دونوں سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں