لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کی درخواستوں پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے انہیں بغیر سرنڈر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
زرتاج گل کی جانب سے 9 مئی کے تین مختلف مقدمات میں دی گئی سزاؤں کے خلاف دائر کی گئی اپیلوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے زرتاج گل کو حکم دیا کہ وہ پہلے عدالت میں پیش ہوں، تب ہی اپیل کی سماعت کی جائے گی۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے زرتاج گل کی سزا یافتہ ہونے کی بنیاد پر اعتراض کیا گیا تھا کہ سرنڈر کیے بغیر اپیل قابل سماعت نہیں ہوگی، لہٰذا پہلے انہیں سرنڈر کرنا ہوگا۔
زرتاج گل نے یہ اپیلیں سینئر وکلاء میاں محمد حسین چوٹیا اور بیرسٹر علی ظفر کی معاونت سے دائر کی ہیں۔ فیصل آباد کی اے ٹی سی نے 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں تین مختلف مقدمات میں انہیں 10، 10 سال کی قید کی سزا سنائی ہے۔







